چیف آف آرمی سٹاف ( سی او اے ایس ) جنرل عاصم منیر سے بیلاروس کے وزیر اعظم رومن گولووچینکو نے ملاقات کی ہے جس کے دوران دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے اور خطے میں امن و استحکام کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور بیلاروسی وزیر اعظم رومن گولووچینکو کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں علاقائی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف نے عالمی اور علاقائی معاملات میں بیلاروس کے کردار کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
بیلا روسی وزیر اعظم رومن گولووچینکو نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام میں ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔