پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 26 ویں آئینی ترمیم کو بہتر بنانے کیلئے عوام سے تجاویز مانگ لیں۔
ہفتہ کہ سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے خصوصی بیان جاری کیا جس کے ساتھ انہوں نے مجوزہ آئینی ترامیم سے متعلق پیپلز پارٹی کا مسودہ بھی شیئر کیا اور ترمیم کو بہتر بنانے کیلئے عوام سے تجاویز بھی مانگ لیں۔
اپنے بیان میں پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم نے وفاقی آئینی عدالت کی تجویز دی جس میں وفاقی اکائیوں کی مساوی نمائندگی ہو اور وہ عدالت بنیادی حقوق ، آئینی تشریح اور وفاقی و بین الصوبائی تنازعات کو حل کرے گی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہماری تجویز ہے ججز کے ذریعے جج کی تقرری کا عمل ختم کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اہم ترمیم پر مشاورت کیلئے سیاسی جماعتوں ، وکلا اور سول سوسائٹی سے رابطے کر رہے ہیں اور متعلق اتفاق رائے کیلئے جمعیت علما اسلام ( جے یو آئی ) کے ساتھ مفید مذاکرات بھی جاری ہیں، اُمید ہے مشترکہ مسودہ سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے کی بنیاد پر ہی بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ججز تقرری پر پارلیمنٹ ، عدلیہ اور قانونی برادری کے مساوی کردار کے قائل ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اپنا مسودہ حکومت ، جے یو آئی اور خصوصی پارلیمانی کمیٹی میں شیئر کر دیا ہے اور ترمیم کو مزید بہتر بنانے کیلئے عوام کی جائز اور بامعنی تجاویز کا خیرمقدم کرتا ہوں۔