وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم پشتون تحفظ موومنٹ ( پی ٹی ایم ) کا ساتھ دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی اور ان کے شناختی کارڈ بھی بلاک ہوں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کچھ تنظیموں پر پابندی عائد کی تھی اس کے حقائق بتانا چاہتا ہوں، آپ ریاستی اداروں اور حکومتوں کو گالیاں دے رہے ہیں ، حقوق کی بات ضرور کرو لیکن ساتھ میں بندوق اٹھانے کی بات نہیں کرو، یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ گالی دیتے جائیں اور ریاست کچھ نہ کرے، حکومت حقوق کی بات پر بیٹھنے کو تیار ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایک دو بڑی جماعتوں کے لوگ پی ٹی ایم سے ملے اور انہوں نے کہا کہ حقوق کی بات کرو تو ٹھیک بندوق مت اٹھاؤ، جرگہ کرنے پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں لیکن ایک طرف جرگہ دوسری طرف عدالت کہہ رہے ہیں، کسی صورت متوازی عدالتی نظام کی اجازت نہیں دیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ان کے سیاسی رہنماؤں کی سوشل میڈیا پر گفتگو سن لیں یہ گالیاں دیتے ہیں، آپ کئی سال سے ریاستی اداروں کو گالیاں دیتے رہے ، تب ہم نے پابندی عائد کی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو کوئی بھی ان کے ساتھ ملوث پایا گیا ان کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ ان کے دفاتر، پاسپورٹس منسوخ ، سفری پابندیاں تو پابندی کے ساتھ ہوئی ہیں لیکن جو ان لوگوں کی مدد کرے گا ان پر بھی پابندی ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ گالی دیتے جائیں اور ریاست کچھ نہ کرے۔