وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کالعدم تنظیم پشتون تحفظ موومنٹ ( پی ٹی ایم ) پر پابندی کی وجوہات بتادیں۔
اپنے حالیہ بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کا کہنا تھا کہ چند روز سے پشتون تحفظ موومنٹ کو لے کر باتیں چل رہی تھیں، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پی ٹی ایم کو کالعدم تنظیم قرار دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم نے پاکستان کے جھنڈے کو نذر آتش کیا اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں پر حملے کیے جبکہ پی ٹی ایم کو بیرون ملک سے فنڈنگ بھی کی جارہی تھی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم حملوں میں افغان باشندے بھی ملوث ہیں اور پی ٹی ایم کے کالعدم ٹی ٹی پی اور افغان طالبان سے بھی رابطے ہیں، ان تمام وجوہات کی بنا پر پی ٹی ایم پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ جو سیاسی جماعت پی ٹی ایم سے رابطے میں رہے گی ان کیلئے بھی وارننگ ہے اور پی ٹی ایم کو سپورٹ اور رابطے رکھنےکی اجازت نہیں جبکہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے تمام وزرائے اعلیٰ کو کہا مہنگائی کم ہو رہی ہے آپ بھی کریں۔
پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر تحریک انتشار کے سوا تمام جماعتوں نے شرکت کی، آپ زیک گولڈ اسمتھ کی مہم چلا سکتے تھے، اسرائیل کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس ( اے پی سی ) میں پی ٹی آئی کا کوئی نمائندہ نہیں آیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلسطین اور لبنان میں امدادی سامان بھجوانے کیلئے کمیٹی بنائی جارہی ہے۔