برطانیہ کے فلیگ شپ ہائیر ایجوکیشن اسکالرشپ پروگرام شیوننگ کے چالیس سال مکمل ہوگئے۔پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کہتی ہیں پاکستان میں ہرطبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی معاشرے میں ترقی کی غرض سے اس پروگرام سے استفادہ کرتے رہیں گے۔
اسلام آباد میں شیوننگ کی 40 ویں سالگرہ پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں پاکستان بھر سے 2 ہزارشیوننگ کے سابق طلباء میں سے کئی شخصیات کو مدعو کیا گیا ،اور شیوننگ اسکالرز اور فیلوز پروگرام کو خراج تحسین پیش کیا۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتیں نکھارنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذہین اذہان کی میزبانی کرنا برطانیہ کےلیے اعزاز کی بات ہے۔
جین میریٹ نے کہا کہ ہم نوجوان لیڈران کی صلاحیت کے مطابق ان کی مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، خاص کر وہ جو مظبوط مالی وسائل نہیں رکھتے انکے خواب پورے کر سکیں اور مجھے فخر ہے کہ ہم نے پچھلے چند برسوں میں بڑے شہروں کے بجائے پورے پاکستان اور خاص کر دور دراز علاقوں سے لوگوں کو اس سکالر شپ کیلئے منتخب کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کچھ ہی عرصہ میں صنفی فرق بھی ختم کیا جو کہ اب مردو خواتین میں برابری کی سطح پر ہے، اور اسی برس پہلی ٹرانسجینڈر سکالرشپ بھی دی گئی ہے۔ یہ سب اس لیے کیا گیا ہے کہ پورے پاکستان کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے اسے مزید ترقی دی جائے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ یہ سفر تعلیم کی تکمیل پر نہیں رکتا، 40 سالوں میں ہم نے 50 ہزارسے زیادہ سابق طلباء کا ایک عالمی نیٹ ورک تیار کیا ہے، جن میں سے اکثر اپنے ممالک میں قائدانہ کردار ادا کررہے ہیں۔