پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے مالی معاملات مزید سنگین ہوگئے، قومی ایئر لائن ایف بی آر کی بھی نادہندہ نکلی، پی آئی اے نے وعدہ کے باوجود اکتوبر میں ایف بی آر کو ایک روپے کی بھی ادائیگی نہیں کی۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے مالی معاملات مزید سنگین رخ اختیار کر گئے، پی آئی اے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کا بھی نادہندہ نکلا۔
رپورٹ کے مطابق پی آئی اے نے وعدہ کرکے اکتوبر کے مہینے میں ایف بی آر کو ایک روپے کی بھی ادائیگی نہیں کی، قومی ایئر لائن نے اکتوبر میں فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 4 ارب روپے ادا کرنے تھے، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی جانب سے آج ایف بی آر کو 75 کروڑ روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔
فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ادا نہ کرنے کے سبب ستمبر میں پی آئی اے کے اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے تھے، گزشتہ روز پی ایس او نے بھی قومی ایئر لائن پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند کردی تھی، فیول کی فراہمی بند ہونے کے باعث متعدد پروازیں منسوخ ہوگئی تھیں۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی پی ایس او نے قومی ایئر لائن کو فیول کی فراہمی بند کردی تھی، جس کے بعد حکومت کی جانب سے 14 کروڑ روپے ادا کئے جانے کے بعد پاکستان اسٹیٹ آئل نے پی آئی اے کو فیول کی فراہمی دوبارہ شروع کی تھی۔