الیکشن کمیشن نے بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 45 کوئٹہ کے 15 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ انتخاب کے لئے ڈی سی کوئٹہ کی بجائے ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن ثوبان دشتی کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر مقرر کر دیاہے۔
الیکشن کمیشن کیجانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کے 15 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ 17 اکتوبر کو ہوگی جس کے لئے ریٹرننگ آفیسر تبدیل کر دیا گیا ریٹرننگ آفیسر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے بجائے ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن ثوبان دستی کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر تعینات کر دیا گیاجبکہ تحصیلدار صدر عبدالکریم اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیں گے۔
بلوچستان ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس عبداللہ بلوچ نے پی بی 45 کے 15پولنگ اسٹیشنوں پر بڑے پیمانے پر دھاندلی کی نشاندہی کی تھی، الیکشن ٹربیوبل میں دائر درخواست میں عام انتخابات میں پی بی 45کوئٹہ کے دو پولنگ اسٹیشنوں سے بیلٹ بُکس بھی غائب کئے جانے کی نشاندہی کی گئی تھی۔
الیکشن ٹریبونل نے قرار دیا تھا کہ حلقے میں سابق ضلعی ریٹرننگ آفیسر اور پولیس کی ملی بھگت سے بیلٹ بُکس غائب کیئے گئے ،الیکشن ٹریبونل نے دھاندلی کی وجہ سے اس نشست سے پیپلز پارٹی کے امیدوار علی مدد جتک کی کامیابی کو کالعدم قرار دیا تھا الیکشن ٹریبونل نے دھاندلی کی بنیاد پر حلقے کے 15پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ انتخاب کا حکم دیا تھا۔