وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ،مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان نے روس کو بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں کیلئے تعاون کی پیشکش کردی۔
دورہ روس پر موجود وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان سے ماسکو چیمبر آف کامرس کے صدر پلاتونوف ویلادی میر نے ملاقات کی اور پاکستان کے تجارتی وفد کا خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی جانب سے روس کو بزنس ٹو بزنس سرگرمیوں کیلئے تعاون کی پیشکش کی گئی۔
روس کی جانب سے بھی پاکستان کو آئی ٹی، سیف سٹی اور دیگر شعبوں میں بھرپور تعاون کی پیشکش کی گئی ہے، دونوں ممالک کے درمیان لیدر ، ٹیکسٹائل،زراعت،پھل و سبزیوں اور دیگر مصنوعات میں کاروباری سرگرمیاں ہوں گی۔
باہمی سرمایہ کاری کے لیے دونوں ملکوں کی جانب سے اپنی کمپنیوں کی فہرستوں کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ روس اور پاکستان کے پہلے بزنس فورم کا انعقاد خوش آئند ہے، پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تجارتی سرگرمیاں بڑھائیں گے۔
عبدالعلیم خان نے روس کو پاکستان میں ہونے والے ٹیکسٹائل ایکسپو میں شرکت کی دعوت دی اور ان کا کہنا تھا کہ روس کے کاروباری افراد کو پاکستان ایئر ٹکٹ، رہائش اور ٹرانسپورٹ دے گا جبکہ پاکستان دوطرفہ بزنس کے لئے روس سے جوائنٹ وینچرز کے لئے بھی تیار ہے۔
ماسکو چیمبر آف کامرس کے صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو طب،نیوکلئیر،میڈیسن اور ٹیکنالوجی میں مدد دے سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے دوطرفہ تجارت میں اضافے کیلئے دورے کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ روس کی سو سے زائد کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں شاندار رہیں۔