پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن ( پی آئی اے ) نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے بعد اپنی تمام پروازوں کو ایرانی فضائی حدود کے استعمال کرنے سے روک دیا۔
لازمی پڑھیں۔ ایران کا اسرائیل پر بڑا حملہ، سینکڑوں میزائل داغ دیئے
پی آئی اے نے ائیرلائن کے تمام کپتانوں اور فلائٹ آپریشن کو اہم احکامات جاری کر دیئے ہیں اور ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام پروازوں کا فلائٹ پلان ازسرنو ترتیب دیئے جا رہے ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ جب تک صورتحال واضح نہیں ہوجاتی ایرانی فضائی حدود استعمال نہیں کی جائیگی۔
پی آئی اے ایران کی فضائی حدود کے 2 کوریڈور استعمال کرتا ہے اور کینیڈا اور ترکی جانے والی پروازیں نادرن کوریڈ ورروٹ کو استعمال کرتی ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یواے ای ، بحرین ، دوحہ اور سعودی عرب کیلئے سدرن کوریڈور استعمال کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر بڑا حملہ کیا گیا ہے اور غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل کی طرف 400 بلیسٹک میزائل داغے گئے ہیں جبکہ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران سے اسرائیل کی جانب کم از کم 102 میزائل فائر کئے گئے ہیں۔