فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) کی جانب سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 14 روز کی توسیع کردی گئی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اس سے قبل انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 15 دن توسیع کی تجویز سامنے آئی تھی اور تاجر تنظیموں اور ٹیکس بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے ایک ماہ توسیع کا مطالبہ کیا گیا تھا جبکہ ذرائع کا کہنا تھاکہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے آخری تاریخ میں توسیع کا نوٹیفکیشن متوقع ہے، لیکن، ایف بی آر نے تاریخ میں توسع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں کی جا رہی اور تمام ٹیکس دہندگان جرمانہ اور سزاؤں سے بچنے کیلئے گوشوارے فوری جمع کرائیں۔
ہنگامی اجلاس میں فیصلہ
تاہم، رات گئے ایف بی آر چیئرمین راشد محمود لنگڑیال نے فوری ہنگامی اجلاس طلب کیا اور افسران کو رات12 بجے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں انکم ٹیکس گوشواروں کی آخری تاریخ میں توسیع سے متعلق غورکیا گیا۔
اجلاس میں ستمبر میں جمع ہونے والے ٹیکس کے اعداد و شمار کا بھی جائزہ لیا گیا اور ذرائع کے مطابق ماہ ستمبر میں ہدف سے 11 ارب زیادہ ٹیکس جمع کیا گیا ، 996 ارب روپے ٹیکس جمع ہوا جبکہ ستمبر میں ٹیکس وصولی کا ماہانہ ہدف 985 ارب روپے تھا۔
اجلاس میں انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں بھی 14 روز کی توسیع کردی گئی۔
ایف بی آر کی جانب سے تاریخ میں توسیع کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس دہندگان 14 اکتوبر تک انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں۔