وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنماؤں کی سنگجانی جلسہ میں کی گئی ریاست مخالف تقاریر پر سخت ایکشن لینے پر غور شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سنگجانی جلسے میں تقاریر پر پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کے لئے وزارت قانون اور پراسیکیوٹر جنرل سے مشاورت کی گئی۔
حکومت ضابطہ فوجداری کے سیکشن 196 کے تحت پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف درخواست جمع کرائے گی جبکہ وفاقی کابینہ سے باضابطہ منظوری کے لئے درخواست کی جائے گی۔
سیکشن 196 کے تحت درج مقدمات ناقابل ضمانت ہوتے ہیں اور پولیس کو گرفتاری کے لئے وارنٹ کی ضرورت بھی نہیں ہوتی۔
یاد رہے کہ 8 ستمبر کو اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی نے جلسہ کیا تھا جس کے دوران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے اپنے خطاب میں سخت زبان استعمال کی تھی اور جلسے کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات بھی درج ہوئے تھے اور بعدازاں، اراکین اسمبلی کی گرفتاریاں بھی عمل میں آئی تھیں۔