وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی اسلام آباد اور پنجاب پر لشکرکشی کی دھمکی 9 مئی دہرانے کا اعلان ہے ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے گولی چلانے کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ گولی چلانے اور لاشیں گرانے کا ان کا بیان ان کی اپنی ناکامی کا اعتراف ہے کہ وہ کے پی حکومت چلانے کے قابل نہیں ۔
وزیر اطلا عات کاکہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا گالی سے اب گولی پر آگئے ہیں، اس سے وہ کسی اور کا نہیں اپنا نقصان کریں گے ، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا کوئی بیان، کوئی اقدام اور کوئی رویہ جمہوری، سیاسی اور پارلیمانی نہیں۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ کہ علی امین گنڈا پور نے کبھی نہیں کہا کہ ہم تعلیم، صحت، روزگار، معاشی بہتری کے میدانوں میں مقابلہ کریں گے، انقلاب لانا ہے تو صحت، تعلیم اور عوام کی فلاح بہبود کے منصوبوں کا انقلاب لائیں ، کے پی میں کرپشن اور نا اہلی کی انتہا ہو چکی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ اصل مقابلہ یہ تھا کہ وفاق اور پنجاب کی طرح بجلی کے صارفین کو خیبرپختونخوا حکومت اپنے صوبے میں کوئی ریلیف دیتی، اسپتال، درس گاہوں کی تعمیر سے عوام کی خدمت کا کوئی ریکارڈ بناتے ، چین کے صدر شی جن پنگ کے دورے کو دھرنوں سے ناکام بنانے والے اب ایس سی او کے اجلاس کے موقع پر پھر فساد مچانا چاہتے ہیں ۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فسلطینیوں کی حمایت کی اور اسرائیل کو للکارا جس کی پاکستان میں اسرائیلی ایجنٹوں کو تکلیف ہوگئی ہے۔