بھارتی ریاست بہار میں ٹرین پٹری سے اتر جانے کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز دہلی سے آنند وہار ٹرمینل ریلوے سٹیشن سے آنے والی ٹرین آسام کے کامکھیا جنکشن کے نزدیک ٹریک سے اتر گئی جس کے نتیجے میں چار افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
ایسٹ سنٹرل ریلوے کے جنرل مینجر ترون پرکاش نے بتایا کہ حادثے کی شکار ہونے والی ٹرین کے 21 ڈبے پٹری سے اترے جس کے بعد ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی تاہم، اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
بعدازاں، بھارت کے وزیر ریلوے اوشونی ویشنو نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں بتایا کہ جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں مکمل ہوچکی ہیں۔
Deepest condolences for the irreparable loss. Will find the root cause of derailment.
— Ashwini Vaishnaw (@AshwiniVaishnaw) October 11, 2023
انہوں نے اپنے بیان میں حادثے کے نتیجے میں ہونے والے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور حادثے کی تحقیقات کا بھی اعلان کیا۔
یاد رہے کہ رواں برس جون میں بھارتی ریاست اڈیشہ میں بدترین ٹرین حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں کم از کم 288 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔