جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کا قتل اسرائیل کی بزدلانہ دہشت گردی ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے حسن نصر اللہ کی اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے جاری پیغام میں حسن نصر اللہ کی شہادت کی مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رہے گی ، نصراللہ کے قتل سے مزاحمت کو تقویت ملے گی۔
حسن نصر اللہ کی شہادت کی تصدیق کے بعد جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خصوصی بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اظہار افسوس اور اسرائیلی کی مذمت کی۔
اپنے بیان میں سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ اللہ کریم شہید کی شہادت کو قبول فرمائے اور انکی شہادت کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حسن نصراللہ کا قتل اسرائیل کی بزدلانہ دہشت گردی ہے، انکی پوری زندگی اسرائیل کیخلاف بھرپور جدوجہد سے عبارت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حسن نصر اللہ کی شہادت سے اسرائیل کیخلاف جدوجہد کو مزید تقویت ملے گی اور ان کی شہادت سے صیہونیت کے بدنما چہرے میں اضافہ ہوا ہے۔