انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر جوش ہل انجری کے باعث پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز باہر ہو گئے۔
20 سالہ بائیں ہاتھ کے باؤلر جوش ہل نے رواں ماہ کے شروع میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جبکہ اس سے قبل وہ 10 فرسٹ کلاس میچ کھیل چکے ہیں۔
ہل ٹیسٹ ڈیبیو کے دوران چوٹ لگنے کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف جاری ون ڈے سیریز سے بھی باہر ہو گئے تھے۔
انگلش کرکٹ بورڈ ( ای سی بی ) نے جمعرات کو تصدیق کی کہ جوش ہل انجری کی وجہ سے دورہ پاکستان کے لئے اعلان کردہ سکواڈ سے باہر ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ انگلش ٹیم کے ایک اور فاسٹ باؤلر اولی اسٹون بھی اپنی شادی کی وجہ سے پاکستان کے خلاف پہلا ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے۔
اولی اسٹون کی شادی 12 اکتوبر کو طے ہے جبکہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 سے 11 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 7 اکتوبر سے ملتان میں شروع ہوگا۔