پاکستان اسٹیٹ آئل نے 15 کروڑ روپے میں سے 14 کروڑ روپے وصول کرنے کے باوجود پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کو فیول کی فراہمی بند کردی، جس کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق پی ایس او نے صرف ایک کروڑ روپے کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند کردی ہے۔ پی آئی اے نے 9 اکتوبر کو 15 کروڑ میں سے 14 کروڑ روپے کے واجبات ادا کردیئے تھے۔
پی ایس او ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے وعدے کے مطابق ایک بار پھر ادائیگی نہیں کی، جس کے باعث کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور میں فیول سپلائی روک دی گئی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی ایس او کی جانب سے ایندھن کی فراہمی میں تعطل کی وجہ سے 2 اندرون ملک پروازیں متاثر ہوئی ہیں، فیصل آباد سے کراچی کی پرواز میں تاخیر اور اسلام آباد سے سکھر کی پرواز منسوخ کردی گئی ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے ترجمان نے بتایا کہ فیول کی فراہمی بند ہونے کا اثر بیرون ملک پروازوں پر نہیں پڑا، بیرون ملک جانیوالی پروازیں اپنے شیڈول کے مطابق روانہ ہورہی ہیں۔