تھینک ٹینک پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی ( پلڈاٹ ) نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے انتخابی گوشوارے جمع کروانے اور الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھا دیا۔
پلڈاٹ کے زیراہتمام پاکستان کے سیاسی مالیاتی نظام کے موضوع پرسوالات و جوابات کے سیشن کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی جماعتوں میں پیسے کی مداخلت اور الیکشن کمیشن کی جانب سے اس کی مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ لیا گیا۔
پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلال محبوب کا کہنا تھا کہ آئینی ادروں کو متنازع بنانے کی بجائے فرد واحد کی کارکردگی پرسوال اٹھانا چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے جو گوشوارے جمع کروائے جاتے ہیں ان میں مکمل تفصیلات نہیں ہوتی ہیں ، صرف ایک سیاسی جماعت نے اپنی فنڈنگ کے حوالے سے تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہمارے الیکشن قوانین میں تمام چیزوں کی چیکنگ کا موثر نظام ہے لیکن یہ نظام اس وقت کام کرتا ہے جب کسی سیاسی جماعت کو انتقامی کارروائی کا نشانہ بنانا ہو۔
سیشن میں سینئر تجزیہ کار افتخاراحمد، سینئر تجزیہ کار سلمان غنی اور حبیب اکرم نے بھی شرکت کی۔