نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے ڈپٹی چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹر جنرل نیب کے تقرر کی منظوری دے دی جبکہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے فنانشل ایڈوائزر کے تقرر کی بھی منظوری دے دی گئی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں نیب اور پی آئی اے سمیت دیگر اداروں کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
وفاقی کابینہ نے ڈپٹی چیئرمین نیب اور پراسیکیوٹر جنرل نیب کی تقرری کی منظوری دیدی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے سہیل عبدالناصر کی بطور ڈپٹی چیئرمین نیب جبکہ پراسیکیوٹر جنرل کیلئے احتشام قادر کے تقرر کی منظوری دیدی ہے۔
وفاقی کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کیلئے فنانشل ایڈوائزر کی تقرری کی بھی منظوری دے دی، نگران کابینہ نے ای سی سی اور نجکاری کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی۔
وفاقی کابینہ نے بریگیڈیئر شاہد عامر افسر کو غیر ملکی ایوارڈ سے نوازنے کی منظوری بھی دی۔
کابینہ اجلاس میں فلسطین کی صورتحال، غیرقانونی افغان مہاجرین سمیت ملک کے مجموعی حالات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، امن و امان کی صورتحال اور انسداد اسمگلنگ آپریشن پر کابینہ کو بریفنگ دی گئی۔
نگران وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزراء نے بریفنگ دی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے غزہ میں شہری علاقوں پر بمباری کی شدید مذمت کی، کابینہ نے اسرائیل سے غزہ پر حملوں کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے کابینہ ارکان کو غیر ضروری غیر ملکی دورے کرنے سے روک دیا ہے، کابینہ نے سابق جج ہائیکورٹ سہیل ناصر کو ڈپٹی چئیرمین نیب بنانے کی منظوری دے دی، احتشام قادر شاہ کی بطور نیب پراسیکیوٹر جنرل اکاﺅنٹیبلٹی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نجکاری کیلئے فنانشل ایڈوائزری کنسورشیم کی خدمات لینے کی منظوری دی گئی، نگران کابینہ نے بریگیڈیئر شاہد عامر افسر کو چین کے تفویض کردہ میڈل وصول کرنے کی بھی منظوری دیدی۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ پاکستانی شہری ملزم شہزاد احمد کی یو اے ای حوالگی کی کابینہ نے منظوری دیدی، پاکستانی شہری ارشد علی کی کویت حوالگی کی بھی منظوری دیدی گئی۔