چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو نے سربراہ جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) مولانا فضل الرحمان سے ایسی کوئی بات نہیں کی کہ آئینی ترمیم منظور کرنا مجبوری ہے ۔
واضح رہے کہ جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے دوران آئینی ترمیم کی منظوری کو مجبوری قرار دیا تھا۔
اپنے ایک بیان میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات میں میں خود شریک تھا ، جے یو آئی رہنما کامران مرتضیٰ کو یقیناً غلط فہمی ہوئی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے آئینی عدالتوں کے قیام سے متعلق گفتگو کی ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان مجوزہ آئینی ترمیم کے بیشتر نکات کے حوالے سے ایک پیج پر ہیں اور چیئرمین پی پی پی آئینی عدالتوں سے متعلق اپنے ڈرافٹ کے ذمہ دار ہیں ۔