انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولیٹج ٹاکرے سے قبل خصوصی ’ میوزیکل ایونٹ ‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ رواں برس آئی سی سی ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت کر رہا ہے اور میگاایونٹ کی افتتاحی تقریب کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کینسل کر دیا گیا تھا۔
تاہم ، بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 14 اکتوبر کو شیڈول پاک، بھارت ٹاکرے سے قبل احمد آباد کرکٹ سٹیڈیم میں خصوصی میوزیکل ایونٹ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف ستارے شرکت کریں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق میوزیکل ایونٹ میں امیتابھ بچن اور رجنی کانت سمیت دیگر کئی فلمی سٹارز کی شرکت متوقع ہے۔
رپورٹس کے مطابق میوزیکل ایونٹ کا وقت آدھا گھنٹہ ہوگا جس کا آغاز دن 12:40 پر ہوگا اور 1:10 پر ختم ہوجائے گا۔
گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن ( جی سی اے ) کے سیکرٹری انیل پٹیل نے کہا ہے انہوں نے تقریب کے لئے منظوری لے لی ہے اور انتظامات بھی مکمل کرلئے گئے ہیں۔
انیل پٹیل کا کہنا تھا کہ میوزیکل ایونٹ میں پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کے کچھ حکام اور 20 سے 25 پاکستانی صحافی بھی شریک ہوں گے۔
میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب نہ ہونے کی وجہ سے شائقین کی جانب سے مایوسی کا اظہار کیا گیا تھا جس کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاک، بھارت ٹاکرے سے قبل خصوصی تقریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔