الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر کوچیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) تسلیم کرنے کا تاثر درست نہیں ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے اکثریتی فیصلے پر الیکشن کمیشن کی ابہام کی درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا ہے ۔
سپریم کورٹ نے تحریری آرڈر میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن تسلیم کر چکا کہ پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی ارکان کے سرٹیفکیٹ تسلیم نہ کرنا غلط ہے،الیکشن کمیشن کو اس اقدام کے آئینی اور قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے کہا گیا کہ الیکشن کمیشن بیرسٹر گوہر کو چیئرمین پی ٹی آئی تسلیم بھی کر چکا ہے۔
تاہم، ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کا معاملہ ابھی تک زیرغور ہے، ابھی تک انٹرا پارٹی الیکشن پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
الیکشن کمیشن نے ہمیشہ یہ معاملہ جلد نمٹانے کی کوشش کی لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے بار بار تاخیری حربے استعمال کیے گئے اور بیرسٹر گوہر کو چیئرمین پی ٹی آئی تسلیم کرنے کا تاثر درست نہیں ہے۔