سپریم کورٹ کی مخصوص نشستوں کے فیصلے پر ابہام کی وضاحت کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کے اسپیشل سیکرٹری لاء چھٹی کے باوجود دفتر آگئے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کے اکثریتی فیصلے پر الیکشن کمیشن کی ابہام کی درخواست پر تحریری حکم جاری کر دیا ہے ۔
سپریم کورٹ نے تحریری آرڈر میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن تسلیم کر چکا کہ پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، الیکشن کمیشن کا پی ٹی آئی ارکان کے سرٹیفکیٹ تسلیم نہ کرنا غلط ہے،الیکشن کمیشن کو اس اقدام کے آئینی اور قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے،سرٹیفکیٹ جمع کرانے والے تمام ارکان تحریک انصاف کے تصور ہوں گے،فیصلے کا اطلاق قومی اور صوبائی اسمبلیوں پر بھی ہوگا، الیکشن کمیشن کی کنفیوژن پیدا کرنے کی کوشش سخت الفاظ میں مسترد کی جاتی ہے،واضح کیا جاچکا کہ فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کے نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو فیصلے پر فوری طور پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت بھی کر دی۔
عدالت عظمیٰ کی وضاحت کے بعد اسپیشل سیکرٹری لاء چھٹی کے باوجود دفتر آئے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں پر تحریری وضاحت ابھی تک موصول نہیں ہوئی، تحریری وضاحت لیگل حکام کو ملنے کے بعد الیکشن کمیشن کا اجلاس بلایا جائے گا، اجلاس میں لیگل ٹیم کمیشن کو وضاحت سے متعلق بریفنگ دے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بریفنگ کے بعد ہی الیکشن کمیشن اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گا۔