خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اس بار ووٹ کی عزت اور حرمت پامال نہیں ہوگی، الیکشن اٹل حقیقت ہے ضرور ہوں گے۔ احسن اقبال کہتے ہیں کہ ہم نے قومی معیشت بچانے کیلئے کسی اور کے گناہ اپنے سر لیے۔
سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن اٹل حقیقت ہے ضرور ہوں گے، عوام کو اس کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔
ان کا کہنا ہے کہ ووٹ کی عزت اور حرمت پامال نہیں ہوگی، آئندہ انتخابات میں ووٹ کو عزت ملے گی، ووٹ کو عزت دو کا جو نعرہ تھا وہ سچ ہوگا، اس بار ووٹ کی عزت اور حرمت پامال نہیں ہوگی، آپ کے ووٹ جس حق میں بھی ہوں گے وہ تلف نہیں ہوں گے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ لگ رہا ہے الیکشن جنوری کے آخری ہفتے میں ہوں گے، نواز شریف کو نکال کر جس شحض کو لایا گیا اس نے ملکی بنیادیں ہلادیں، گالی کے کلچر کو فروغ دیکر اختلاف رائے کو ختم کیا گیا، جس معاشرے میں احتلافات نہ ہوں اس میں زندگی نہیں ہوتی۔
نارووال کے علاقے جسڑ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن پاکستان کی ماں ہے، ہم نے قومی معیشت بچانے کیلئے کسی اور کے گناہ اپنے سر لئے۔
ان کا کہنا ہے کہ 16 ماہ قبل چیئرمین پی ٹی آئی نے خود کہا آئی ایم ایف معاہدے کے باعث مہنگائی ہوگی، پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے آئی ایم ایف کے پاس گئے، آئی ایم ایف نے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو نہیں جانتے معاہدے پر پاکستان کے دستخط ہیں۔