پاسپورٹ بنوانے والوں کیلئے بری خبریہ ہے کہ محکمہ پاسپورٹ کے پاس نئے پاسپورٹس کیلئے لیمینیشن پیپر مبینہ طور پرختم ہوگئے۔ جس کی وجہ سے درخواست گزاروں کو پاسپورٹ کے حصول کیلئے طویل انتظار کرنا پڑسکتا ہے۔ بیرون ملک عمرہ، علاج اور تعلیم کے لیے جانے کے خواہشمند شہری مشکل میں پھنس گئے۔
باخبر ذرائع کے مطابق لیمینیشن پیپر کیلئے متعلقہ حکام نے بروقت اقدامات نہیں کیے،گزشتہ ہفتے لیمینیشن پیپر کیلئے سپلائی چین میں بہتری نہیں لائی گئی۔
کراچی سمیت ملک بھر میں نئے پاسپورٹس کی پرنٹنگ اورترسیل متاثرہونےکاخدشہ پیدا ہوگیاہے اور لیمینیشن پیپر کی عدم دستیابی سے پاسپورٹ ڈیلیوری کی مدت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
نارمل فیس کے حامل پاسپورٹس کی ڈیلوری ممکنہ طور پرایک ماہ ہوگی ،پاسپورٹس فراہمی میں تاخیر کے سبب ملک بھر کے درخواست گزاروں کو مشکلات کا سامنا ہوگا،ان درخواست گزاروں میں عمرہ،علاج اور تعلیم کیلئے بیرون ملک جانےوالےشامل ہیں ۔
دوسری جانب لیمینیشن پیپر کی مبینہ عدم موجودگی کے باوجودنئی درخواستوں کی وصولی جاری ہے،پرنٹنگ مسائل کےباعث زیرالتواپاسپورٹس کی تعدادمیں ہوشربااضافےکا بھی خدشہ ہے۔