وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج عوام کی خوشحالی کی صورت عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ۔
پیر کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اتحادی جماعتوں کے اراکین پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا جس میں حکومتی اتحادی جماعتوں کے اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے حکومت کے ساتھ تعاون پر اتحادی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگست میں مہنگائی کی شرح کا 9.6 فیصد پر آنا حکومتی اقدامات کا عکاس ہے، معاشی ماہرین کی افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیشگوئی خوشخبری سے کم نہیں، 2018 میں بھی افراط زر کی شرح کو سنگل ڈیجیٹ پر چھوڑ کر گئے تھے، اللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتا ہوں بتدریج بہتری کے آثار پیدا ہو رہے ہیں، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی جو جدو جہد ہم نے اپریل 2022 میں شروع کی تھی اللہ تعالی کے فضل وکرم سے وہ نہ صرف کامیابی سے ہم کنار ہوئی بلکہ اس کے نتیجے میں مہنگائی میں کمی کی ابتدا بھی ہوئی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی سیاست کی قربانی دے کر ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، معاشی ٹیم کی شبانہ روز محنت کی بدولت نہ صرف معیشت مستحکم ہوئی بلکہ ترقی کی جانب گامزن ہے، خادمِ پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد عوام سے عہد کیا تھا کہ انکی پریشانیوں کو کم کر کے ہی دم لیں گے، حکومتی معاشی اصلاحات کے مثبت نتائج عوام کی خوشحالی کی صورت عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کی زندگی کو آسان اور اسکی معاشی خوشحالی کے بغیر پاکستان کی ترقی کے ہدف کا حصول ممکن نہیں، معیشت کی ڈیجیٹائز یشن حکومت کی اولین ترجیح ہے ، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کا آغاز اس حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں کے حوالے سے غریب اور کم آمدنی والے طبقات کے لئے اقدامات کر رہے ہیں، حکومتی حجم کم کرنے اور خرچے میں کمی کے حوالے سے رائٹ سائزنگ اور ڈاؤن سائیزنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو سیاسی استحکام اور پالیسیوں کے تسلسل کی ضرورت ہے، پاکستان کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ایک سیاسی جماعت کے جلسے میں انتہائی نازیبا زبان استعمال کی گئی جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا گیا لیکن بدقسمتی سے اس نے دوبارہ سر اٹھایا ہے، اب دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
اس موقع پر اتحادی جماعتوں کے پارلیمنٹیرینز نے حالیہ معاشی استحکام پر وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا اور انکی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔