احتساب عدالت اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) کو منتقل کر دیا ۔
توشہ خانہ ٹو ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جزوی ریلیف مل گیا ہے، سپریم کورٹ کے نیب ترامیم بحالی سے متعلق فیصلے کے بعد اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو ریفرنس ایف آئی اے کو منتقل کر دیا ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ نیب ترامیم کے تحت 500 ملین سے کم کے مقدمات نیب دائرہ اختیار میں نہیں آتے اور توشہ خانہ ٹو ریفرنس میں مال مقدمہ کی قیمت 500 ملین سے کم ہے۔
تحریری فیصلے کے مطابق لہٰذا توشہ خانہ ٹو ریفرنس احتساب عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا اور مقدمہ اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت کو منتقل کیا جاتا ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ضمانت درخواستیں اورریفرنس اسپیشل جج کو بھجوائی جائے اور فریقین کے وکلاء کل 10 ستمبر کو اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں پیش ہو سکتے ہیں۔