یوم فضائیہ پر صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے پاکستان ائر فورس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمارے شاہینوں کی بہادری اور جرات کی لازوال داستانوں کی یاد دلاتا ہے، 7 ستمبر 1965 کو ایم ایم عالم اور پاک فضائیہ کے سپوتوں نے دشمن کے دانت کھٹے کئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ پاک فضائیہ کو دشمن پر آج بھی نفسیاتی برتری حاصل ہے، 27 فروری 2019 کو قوم نے ابھی نندن کے روپ میں ائرفورس کی ایک اور تاریخی کامیابی دیکھی، ہمارے شاہین سکوارڈن لیڈر فرحان نے 5 سال قبل دشمن کے فالس فلیگ آپریشن کا بھانڈا پھوڑا، پاک فضائیہ جرات اور بہادری کے ساتھ ہمارے جوانوں کے جذبہ ایمانی سے بھی لیس ہے، آج یوم فضائیہ پر ہر پاکستانی اپنی افواج کے شانہ بشانہ ساتھ چلنے کا عہد دہراتا ہے، پاک فوج کے ہوتے ہوئے کسی کو پاک وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں ہو گی۔