یوم دفاع کے موقع پر استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ اوروفاقی وزیر عبدالعلیم خان شہید صوبیدار میجر خورشید کے گھر پہنچے اور شہید کے کے اہل خانہ سے ملاقات ، بچوں سے شفقت کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق عبدالعلیم خان کے ہمراہ ارکان اسمبلی بھی موجود تھے، انہوں نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔ صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ شہیدصوبیدار میجر خورشید نے مادر وطن کی حفاظت کیلئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔ شہید کے گھر آنا اپنے لئے بہت بڑا اعزاز سمجھتا ہوں۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ شہید کی عزت اور اُس کے اہل خانہ کا تقدس کسی بھی وزیر اور شہری سے زیادہ ہے۔ شہید کے بیٹے حامد خورشید سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے والد پر پوری قوم کو فخر ہے۔ صوبیدار میجر خورشید نے ثابت کردیا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی کےایم این ایزعون چوہدری اورگل اصغر بھگوربھی عبدالعلیم خان کےہمراہ تھے۔