پنجاب حکومت کی جانب سے پولیس اور انتظامی افسران کے بعد بورڈ آف ریونیو میں ” کے پی آئی “ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا ، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اے سی، تحصیلدار اور نائب تحصیلدار کی کارکردگی کا تعین ” کے پی آئی “ سے ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیر صدارت بورڈ آ ف ریونیو کے ” کی پرفارمنس انڈیکس “ سے متعلق اجلاس ہوا جس میں اسٹرکچر اور سروس ڈلیوری ، پلس پراجیکٹ ، ریونیو ریکوریا اور لینڈ مینجمنٹ کے امور پر بریفنگ دی گئی ۔
اجلاس میں بورڈ آف ریونیو میں 'کی پرفارمنس انڈیکس' سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا گیا، سسٹم کے ذریعے بورڈ آف ریونیو کے جوڈیشنل ممبرز، ممبرٹیکس، ممبر کالونیز اور ممبر کنسولیڈیشن کی پرفارمنس کو بھی مانیٹر کیا جائے گا۔
دیہی مرکز مال اور پی ایل آر اے میں انتقال کی بروقت تصدیق کا عمل مکمل کرنے پر سکور اپ ڈیٹ ہوگا جبکہ سب رجسٹرار آفس کی کارکردگی رجسٹری کی بروقت تصدیق سے منسلک ہوگی اور انتقال سے متعلق امور اور اراضی ریکارڈ کی تصحیح بھی کے پی آئی سکور میں شامل ہوگی ۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ پلس پراجیکٹ کے تحت ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن پر پیش رفت بھی کے پی آئی میں شامل ہوگی۔
ای گردا وری ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا ماہانہ اجلاس ہوگا جبکہ وراثتی انتقال کے کیس میں فیلڈ رپورٹ بھی کے پی آئی کا حصہ ہوگا۔
عوام کی سہولت کے لئے اختراعی اقدامات، پالیسی ریفارمز سے بھی افسران کی کارکردگی کو جانچا جائے گا اور عدالتی مقدمات نمٹانے پر کے پی آئی سکور میں اضافہ ہوگا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز کو بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹلائزیشن پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔