پاکستان کے صوبہ پنجاب کی حکومت نے کچھ روز پہلے صوبے بھر میں اپنا گھر بنانے کے خواہشمند کم آمدن والے افراد کو بلا سود آسان اقساط پر قرض دینے کا اعلان کرتے ہوئے ’اپنی چھت اپنا گھر‘ نامی ایک منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔
تاہم حکومت کی جانب سے اس سکیم کے تحت صرف 15 لاکھ روپے تک کا قرض دینے کے اعلان کے بعد ایک سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا اتنے پیسوں میں مکان کی تعمیر ممکن ہے بھی یا نہیں۔
اپنی چھت اپنا گھر اسکیم ہے کیا؟
حکومت پنجاب کے مطابق اس منصوبے کے تحت گھر بنانے کے لیے 15 لاکھ روپے تک قرضہ دیا جائے گا جو پانچ سے سات برس میں واپس کرنا ہوں گے۔
گھر کی تعمیر کے لیے قرض لینے والے افراد کو پہلے تین ماہ تک کوئی قسط نہیں دینی ہو گی تاہم بعد میں ماہانہ قسط 14 ہزار روپے ہو گی۔
پروگرام کے تحت اگر کسی درخواست گزار کے پاس شہری علاقوں میں پانچ اوردیہاتی علاقے میں 10 مرلے تک زمین ہے تو اسے یہ قرضہ دیا جائے گا۔اس سکیم کے لیے درخواستیں لینے کا عمل شروع ہو چکا ہے، جس کے بعد بعد قرعہ اندازی کی جائے گی۔ قرعہ اندازی میں جس درخواست گزار کا نام نکلے گا، پھر اس کے پلاٹ یا زمین کا جائزہ لیا جائے گا۔
انجینیئر پلاٹ کا جائزہ لے گا اور یہ دیکھا جائے گا کہ اس زمین پر گھر بن بھی سکتا ہے یا نہیں اور اس کے بعد ہی تعمیر کی اجازت دی جائے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ سکیم میں بینکوں کو شامل نہیں کیا گیا بلکہ مائیکرو فنانس کے اداروں کے ذریعے یہ رقم دو یا تین اقساط میں دی جائے گی۔ حکام کے مطابق یہ عمل رکے گا نہیں۔ ’لوگ اپلائی کرتے جائیں گے، ہم قرعہ اندازی کریں گے، ان کی زمین چیک کریں گے اور قرض دیتے جائیں گے۔
کیا 15 لاکھ روپے میں گھر کی تعمیر ممکن ہے؟
شعبہ تعمیرات سے منسلک افراد کا کہنا ہے کہ حال ہی میں تعمیراتی لاگت بہت زیادہ بڑھ گئی ہے۔ سیمنٹ کی بوری 600 روپے سے بڑھ کر اب 1500 کی ہو گئی ہے۔ دروازے بنانے کے لیے لکڑی اور لوہے کی قیمت بھی بہت زیادہ ہو گئی ہے۔
پانچ مرلے کے گھر کی صرف بنیاد بنانے میں 8 سے 10 لاکھ روپے لگتے ہیں۔ ان پیسوں میں لینٹر بھی نہیں ڈال سکتے۔ پنجاب حکومت کے منصوبے پر بات کرتے ہوئے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صرف دیواریں کھڑی کر کے اوپر عارضی گارڈر ڈال دیں گے۔ اس سے زیادہ اس بجٹ میں کچھ نہیں بن سکتا۔
انھوں نے کہا کہ کچا لینٹر بارشوں میں محفوظ بھی نہیں ہوتا اور اس کے گرنے کا اندیشہ ہوتا ہے۔ مضبوط گھر بنانے کے لیے کنکریٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ ماہرین کے مطابق 5 مرلے پر ڈبل سٹوری گھر بنانے کے لیے آج کل ایک کروڑ روپے لگ جاتے ہیں جبکہ سنگل سٹوری کی تعمراتی لاگت 50 سے 55 لاکھ روپے ہے۔