سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ8 ستمبر کا جلسہ پی ٹی آئی کا حق ہے اس میں کسی صورت رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہیے، بانی پی ٹی آئی کا آکسفورڈ یونیورسٹی کے الیکشن میں حصہ لینا ملک کیلئے فخر کی بات ہے۔
لاہور میں سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا جیل ٹرائل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہنا تھا کہ کوئی مانے یا نا مانے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) اس ملک کی حقیقت ہے،پی ٹی آئی سے بات کیے بغیر ملک میں استحکام نہیں آسکتا بانی پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) اور پی ٹی آئی مائنس نہیں ہوسکتی آج تک مائنس کے جتنے فارمولے لائے گئے سب ناکام ہوئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے رہنماء کا کہنا تھا کہ بھٹو کبھی پیپلز پارٹی سے مائنس ہوا نا نواز شریف ن لیگ سے مائنس ہوسکا ہےبانی پی ٹی آئی بھی مائنس نہیں ہوسکتے۔مائنس پی ٹی آئی کی بات کرنے والوں کی عقل پرحیرانی ہوتی ہےآج آپ کے دوست ممالک کو کیا پیغام دے رہے ہیں اس کو سمجھیں اور اس مسئلہ کا حل تلاش کریں۔
سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنی گفتگو میں مزید کہنا تھا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) آکسفورڈ یونیورسٹی کا الیکشن لڑ رہے ہیں یہ پاکستان کے لیے عزت کی بات ہےآکسفورڈ الیکشن کے خلاف بولنے والے تنگ نظری کا مظاہرہ کر رہے ہیں اسےسیاسی وابستگی سے ہٹ کردیکھنا چاہیئے۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ محسن نقوی کا یہ کہنا کہ دہشتگرد صرف ایک ایس ایچ او کی مار ہیں انتہائی افسوسناک ہےانہیں مسائل کا اندازہ ہی نہیں ہے بلوچستان کے جو واقعات ہوئے ہیں وہ افسوسناک ہیں ،مسائل کا حل صرف بات چیت ہے بلوچستان کا مسئلہ برسوں سے چلتا آرہا ہےمسائل دیکھ کرکہا جاسکتا ہےکہ بلوچستان میں ریاستی پالیسی درست نہیں ہے۔