قومی اسمبلی میں گزشتہ چارسال میں چینی باشندوں سمیت غیرملکیوں پر ہونے والےحملوں کی تفصیلات پیش کردی گئیں۔
پیر کو سپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں گزشتہ 4 سال میں غیر ملکیوں پر ہونے والے حملوں کی تفصیلات پیش کی گئیں ۔
وفاقی وزارت داخلہ نے قومی اسمبلی میں اپنے تحریری جواب میں بتایا کہ 2020 سےاب تک مجموعی طور پر 8 واقعات میں غیر ملکیوں کو نشانہ بنایا گیا جن میں غیرملکیوں سمیت مجموعی طور پر 48 افراد ہلاک اور 38 زخمی ہوئے ۔
جواب میں بتایا گیا کہ سندھ میں اب تک 4 واقعات میں 10 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، سندھ میں دو واقعات میں 5 غیر ملکی اور 5 پاکستانی ہلاک ہوئے جبکہ 3 واقعات میں چینی باشندوں اور ایک میں جاپانیوں کو نشانہ بنایا گیا ۔
بلوچستان میں چینی باشندوں پر حملوں کے 2 واقعات میں 3 افراد زخمی ہوئے۔
خیبر پختونخوا میں 4 سال کے دوران چینی باشندوں پر دو حملوں میں 38 افراد ہلاک ہوئے جن میں 17 غیر ملکی اور 21 پاکستانی جاں بحق شامل ہیں۔