جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کےلیے وائس چانسلرز کے امیدواروں کی وزیرتعلیم کو رشوت کی پیشکش اساتذہ کی تنظیم نے اجلاس طلب کرلیا۔ اساتذہ کی تنظیم اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس کل پنجاب یونیورسٹی میں ہوگا۔
اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میڈیاپربیشتر پروفیسرز کی وی سی بننے کیلئے رشوت کی پیشکش کی خبریں سامنی آئیں، حکومتی شخصیات کو رشوت کی پیشکش کا معاملہ افسوسناک ہے، حکومت فوری طور پر رشوت دینے میں ملوث امیدواروں کے خلاف انکوائری کرے۔ وائس چانسلرز کی سیٹ کے لیے رشوت دینے والوں کو سزا دی جائے۔
سیکریٹری آسا نے کہا کہ وزیر تعلیم فوری طورپررشوت کی پیشکش کرنے والوں کے نام پبلک کریں، اساتذہ کی تنظیم اجلاس میں رشوت کی پیشکش کے معاملے پر لائحہ عمل طے کرےگی۔
واضح رہے کہ پنجاب کی جامعات میں مستقل وائس چانسلرز کی تعیناتی آخری مراحل میں داخل ہوگئی۔ امیدواروں نے تعیناتی کیلئے بھاری رقوم کی پیشکش کردی۔ 6 امیدواروں نے حکومتی شخصیات سے رابطہ بھی کیا، وزیرتعلیم راناسکندرحیات نے رشوت کی آفر کی تصدیق کردی۔ ذرائع کے مطابق سرچ کمیٹی ارکان کو بھی رقم آفر کی گئی۔
ایک پروفیسرتو پیسے لے کروزیرتعلیم سے ملنے مری پہنچ گیا، وزیرتعلیم پنجاب کے ڈرائیورکو دو کروڑ روپے کا بیگ دیدیا، رانا سکندر حیات نے سما کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آفرکرنے والوں کے نام فہرست سے نکال دیئے۔ ان کا اربوں روپے بنانے کا پلان تھا۔
خیال رہے کہ پنجاب کی جامعات کے لئے وائس چانسلرز کے امیدواروں کی حتمی فہرست وزیراعلی پنجاب کو بھجوادی گئی۔ آئندہ 15 روز میں 14 جامعات کے وائس چانسلرز تعینات کردئیے جائیں گےجب کہ دیگر11 جامعات کے مستقل وی سیز کی تعیناتی اگلےمرحلے میں ہوگی۔