قومی کرکٹر احمد شہزاد نے چیمپئنز ون ڈے کپ میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق احمد شہزاد نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کی اقربا پروری ، جھوٹے وعدے اور ڈومیسٹک کرکٹرز کے ساتھ ناانصافیاں منظور نہیں ہیں ،اس وقت جب پاکستان افراط زر، غربت، اور ہوشربا بجلی کے بلوں سے متاثر ہے، اس صورتحال میں پی سی بی مینٹورز کے اوپر 50، 50 لاکھ روپے ضائع کر رہا ہے، پی سی بی کچھ نہ کرنے پر مینٹورز پر لاکھوں روپے ضائع کر رہا ہے، اس کا صلہ یہ مل رہا ہے کہ پاکستان ٹیم اس ٹائم پر سب سے بری کارکردگی دکھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی سی بی کہتا ہے کہ ہمارے پاس سرجری کے آلات نہیں ہے جو کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو عزت نہ دینے کے مترادف ہے، بطور پاکستانی اور کرکٹ کو چاہنے والے کے طور پر میں اس سسٹم کو سپورٹ نہیں کر سکتا جہاں پر میرٹ نہ ہو، میں نے اس ناکام سسٹم کو سپورٹ کرنے سے منع کر دیا ہے۔