نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حج جیسے اہم مذہبی فریضے کی انجام دہی کو حجاج کے لئے آسان اور سستا بنانے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں،حجاج کے لئے کئے جانے والے انتظامات پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کی زیر صدارت وزارت مذہبی امور کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزارت کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کو حج کے حوالے سے اقدامات اور حج پالیسی 2024 کی تیاری کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حج جیسے اہم مذہبی فریضے کی انجام دہی کو حجاج کے لئے آسان اور سستا بنانے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ حجاج کے لئے کئے جانے والے انتظامات پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے
اور کم خرچے میں بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ نجی کمپنیوں کی کڑی نگرانی کرکے یہ یقینی بنایا جائے کہ ان کے توسط سے پرائیویٹ سکیم کے تحت جانے والے عازمین حج کوبھی کسی قسم کی مشکلات نہ پیش آئیں۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ حج پالیسی جلد وفاقی کابینہ کو منظوری کے لئے پیش کی جائے ۔ اجلاس میں نگراں وزیرِ مذہبی امور انیق احمد، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت مذہبی امور اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔