ایران نے فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے اسرائیل پر کئے جانے والے حملے میں ملوث ہونے کی تردید کردی۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل کے خلاف حماس کے حملے میں کردار ادا کرنے کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیل پر حملے میں ایرانی کردار سے منسلک الزامات سیاسی وجوہات پر مبنی ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے پاس ہماری کسی مدد کے بغیر اپنی قوم کے دفاع اور اپنے حقوق کی بازیابی کے لئے ضروری صلاحیت اور عزم موجود ہے۔
خیال رہے کہ وال سٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران نے حماس کی حملوں کی منصوبہ بندی میں مدد کی۔
یاد رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے ہفتہ کے روز اسرائیل کے خلاف ’ آپریشن الاقصیٰ فلڈ ‘ شروع کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں اب تک 700 سے زائد اسرائیلی شہری اور فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد کو یرغمال بھی بنایا گیا ہے۔
اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ’ ریاستی جنگ ‘ کا اعلان کیا اور گنجان آباد غزہ پر گولہ باری کی جس سے سینکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔
فلسطین اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی پر سلامتی کونسل کا اجلاس بے نتیجہ ختم
یہ بھی یاد رہے کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ ہنگامی اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔