تاجروں کی جانب سے سخت تحفظات کا اظہار اور ہڑتال کا اعلان کام کرگیا، فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) کی جانب سے تاجر دوست اسکیم کے قواعد و ضوابط میں اہم تبدیلیاں کرنے کی تیاری کرلی گئی۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے ترمیمی ایس آر او جلد جاری ہونے کا امکان ہے اور ترمیمی ایس آر او جاری ہونے تک نئے نوٹسز جاری نہیں کئے جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ تاجروں کو پہلے سے جاری شدہ نوٹسز پر عملدارآمد بھی نہیں ہوگا۔
چیف کوآرڈینیٹر تاجر دوست اسکیم نعیم میر نے نئی پیشرفت کی تصدیق بھی کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ٹیکس ویلیوایشن ٹیبل میں تبدیلی یا نظرثانی کمشنر کی سطح پر کمیٹیاں کریں گی اور ان کمیٹیوں میں مقامی تاجروں اور چیمبر آف کامرس کا نمائندہ شامل ہوگا۔
ایڈوانس ٹیکس صرف بڑے ٹریڈرز پرعائد ہوگا جبکہ چھوٹی سروسز والوں پر لاگو نہیں ہوگا جبکہ ایڈوانس ٹیکس کی وصولی ماہانہ کے بجائے سہہ ماہی بنیاد پر کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔