کرنسی مارکیٹ میں پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی رجحان آج بھی برقرار ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں مزید ایک روپے 9 پیسے کی کمی ہوگئی، جس سے ڈالر 281 روپے 60 پیسے کا ہوگیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 50 پیسے سستا ہوکر 281 روپے پر آگیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران انٹربینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر 5 روپے سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔
کاروباری ہفتے کے دوران انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 5 روپے 5 پیسے کی کمی ہوئی جس کے بعد انٹربینک میں امریکی کرنسی 282 روپے 69 پیسے پر بند ہوئی، انٹربینک میں ڈالر بلند ترین سطح سے 24 روپے 41 پیسے تک گر گیا ہے۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 5 روپے 50 پیسے کم ہو کر 282 روپے 50 پیسے پر آگیا، امریکی کرنسی بلند ترین سطح سے 50 روپے 50 پیسے سستی ہوئی۔