پاکستان بار کونسل نے صدر پاکستان سے عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کا مطالبہ کردیا۔ پی بی سی نے انتخابات میں تاخیر پر 9 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا۔
پاکستان بار کونسل کے زیر اہتمام آل پاکستان وکلاء کنونشن کا اسلام آباد میں انعقاد ہوا، جس میں قرار داد منظور کرتے ہوئے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
پاکستان بار کونسل نے قرار داد میں مزید کہا کہ صدر مملکت کو نہ کسی سے مشاورت کی ضرورت ہے نہ ایڈوائس کی۔
پاکستان بار کونسل نے عام انتخابات میں تاخیر پر 9 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت ملک میں نئی حلقہ بندیوں کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے مطابق حتمی فہرستیں 30 نومبر تک جاری ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق عام انتخابات کیلئے 28 جنوری کی تاریخ تجویز کی گئی ہے تاہم اس پر حتمی فیصلہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کرے گا۔