وینزویلا میں چوتھے عالمی ملٹری گیمز کا آغاز ہوگیا ہے جو 16 تا 23 اگست تک جاری رہیں گے۔ عالمی ملٹری گیمز کا انعقاد انٹرنیشیل ملٹری سپورٹس کونسل کے زیر نگرانی کیا جا رہا ہے۔
عالمی ملٹری گیمز میں 142 ممالک حصہ لے رہے ہیں جن میں پاکستان سمیت روس، چین، سری لنکا، ترکیہ اور ایران شامل ہیں۔ پاکستان کی ٹیم نے بھی شوٹنگ اور ٹریک اینڈ فیلڈ ایونٹس میں حصہ لیا۔
ایونٹ میں 20 اگست کو پاکستان ائیر فورس سے تعلق رکھنے والے چیف وارنٹ آفیسر معید بلوچ نے 400 میٹر ریس میں گولڈ میڈل حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کیا، پاک آرمی کے جانباز سپاہی محمد اختر نے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 ہزار میٹر ریس میں برانز میڈل اپنے نام کیا۔
عالمی ملٹری گیمز کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان مسلح افواج کی ٹیم نے تمغے جیتے ہیں، پاکستانی اور دیگر کامیاب کھیلاڑیوں کے لئے انعامی تقریب کا انعقاد کراکس، وینزویلا میں کیا جائے گا جس میں جیتنے والے کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے جائیں گے۔
جیتنے والے کھلاڑیوں نے قوم کی بھر پور حمایت اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے لئے مزید ایسے میڈلز جیتنے کے عزم کا اظہار کیا۔