فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کے ایک اور شہر پر حملہ کردیا، کارروائی میں 15 اسرائیلی ہلاک ہوگئے، بکتر بند اور بھاری ہتھیاروں پر قبضہ کرلیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کی جانب سے اسرائیل کے ایک اور شہر عسقلان میں فوجی اڈے پر حملہ کردیا، حماس نے اسرائیلی فوجی اڈے پر حملے کی ویڈیو بھی جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے مزاحمت کاروں نے فوجی اڈے میں موجود بکتر بند اور بھاری ہتھیار پر قبضہ کرلیا، اس دوران جھڑپ میں 15 اسرائیلی ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں حماس کے 4 ارکان بھی شہید ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے 8 شہروں میں اب بھی اسرائیلی فوجیوں اور حماس کے مزاحمت کاروں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق حماس نے ایک اور اسرائیلی شہر پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کی کارروائیوں میں سینئر فوجی افسر سمیت 50 سے زائد فوجی اور 600 سے زیادہ اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار سے زیادہ زخمی بھی ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیل کی جانب سے حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں اب تک 370 سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے حکام کے مطابق اسرائیل کے حملوں میں اب تک 370 فلسطینی شہید ہوئے اور 2200 سے زائد زخمی ہیں، شہداء میں 20 بچے بھی شامل ہیں اور 121 بچے زخمی ہوئے ہیں۔
اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں 800 مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں 100 عسکریت پسند مارے گئے جبکہ حماس کے درجنوں جنگجوؤں کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔