سٹیٹ بینک کے گورنر جمیل احمد نے کہا ہے کہ کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن دسمبر تک تبدیل کر لیں گے تاہم پلاسٹک کرنسی نوٹ کو ٹیسٹ کریں گے عوامی مقبولیت ہوئی تو جاری رکھیں گے۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس دوران گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ دسمبر تک تمام کرنسی نوٹوں کا ڈیزائن تبدیل کرلیں گے ، اسکے بعد باقاعدہ منظوری سے یہ نوٹ جاری کیے جائیں گے، نئے کرنسی نوٹوں میں سیکیورٹی فیچر زیادہ رکھے جا رہے ہیں۔
قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ڈیجیٹل اور پلاسٹک کرنسی کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا جس دوران گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ابھی ہم نئے کرنسی نوٹس پر کام کر رہے ہیں، ہم دیکھیں گے کہ پلاسٹک نوٹس کی لائف کتنی ہوتی ہے، اس سال کے آخر تک ہم نئے نوٹس کی ایکسر سائز مکمل کر لیں گے، تمام کرنسی نوٹس کو تبدیل کیا جائے گا۔
سینیٹر شاہزیب درانی نے کہا کہ ہم توپلاسٹک کےخاتمے پر کام کر رہے ہیں اورآپ پلاسٹک کرنسی لانا چاہتے ہیں، گورنر نے کہا کہ ہم پلاسٹک کرنسی کو ٹیسٹ کریں گے عوامی قبولیت ہوئی تو جاری کریں گے، سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ 5 ہزار کا نوٹ کرپشن کی جڑ ہےجہاں کرپشن ہے وہاں 5 ہزار کا نوٹ ہے،5 ہزار کا نوٹ تکیوں کے نیچے اور تہہ خانوں میں ہوتے ہیں، اگر 5 ہزار کا نوٹ ختم کر دیں تو یہ سلسلہ رک سکتا ہے، جب 5 ہزار کا نوٹ جاری کیا گیا تب اس کی ویلیو بہت زیادہ تھی۔