وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک صفحے پر آنا ہو گا ۔
اتوار کو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تربت میں فرنٹیئر کور جنوبی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں آئی جی ایف سی میجر جنرل بلال سرفراز خان نے ان کا استقبال کیا ۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے یادگار شہداء پر حاضری دی ، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی جبکہ شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت بھی پیش کیا۔
محسن نقوی نے اہم اجلاس کی صدارت بھی کی جس میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز اور انسداد سمگلنگ کی کارروائیوں کے بارے بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں ایف سی ساوتھ فرنٹ لائن پر ہے ، فرنٹیئر کور نے مشکل حالات میں امن کیلئے مثالی خدمات انجام دی ہیں ۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ فرنٹیئر کور ساوتھ کے افسران اور جوان بلوچستان میں امن کے لئے ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں ، فرنٹیئر کور ساوتھ کی ضروریات کو وسائل میں رہتے ہوئے پورا کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ بلوچستان کی پائیدار ترقی کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک صفحے پر آنا ہو گا۔