190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر نیب کے تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر آج پانچویں مرتبہ بھی جرح نہ ہوسکی۔ دوران سماعت بشری بی بی نے شکایت کی کہ نیب کے سوال نامے کی تیاری سے متعلق ان کے کمرے سے کاغذات اٹھا لیے گئے ہیں جس پر عدالت نے جیل انتظامیہ کو انہیں کاغذات واپس کرنے کی ہدایت کردی۔ کیس کی مزید سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی گئی۔
اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت کے موقع پر وکلاء صفائی کی جانب سے استدعا کی گئی کہ آج کی کاروائی کو ملتوی کردیا جائے کیونکہ عدالت نے نیب کی بورڈ میٹنگ سے متعلق جو ہماری درخواست خارج کی ہے اسکی مصدقہ نقول ہمیں فراہم نہیں کی گئیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہمارے متعدد کیسز بھی لگے ہوئے ہیں۔
عدالت نے وکلاء صفائی کو گزشتہ سماعت کے آرڈر کی مصدقہ کاپی فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی جبکہ ایک موقع پر سماعت کے دوران بشریٰ بی بی روسٹرم پر آ گئیں اور جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے نئے توشہ خانہ کیس میں مجھے سوال نامہ دیا تھا، جیل حکام میرے کمرے سے سارے کاغذات اٹھا کر لے گئے ہیں۔ میں نیب کے سوال نامے کا جواب تیار کر رہی تھی، نیب والے پھر کہتے ہیں یہ شامل تفتیش نہیں ہورہے۔ جس پر عدالت نے ڈپٹی سپرینڈنٹ کو نیب کے کاغذات بشریٰ بی بی کو واپس کرنے کی ہدایت کردی، ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔