بحرالکاہل میں واقع ملک پاپوا نیو گنی میں 7 شدت کے شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے نے بتایا کہ پاپوا نیو گنی میں ہفتے کو زلزلے کے شدیدجھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جن کی شدت ریکٹر سکیل پر 7 ریکارڈ کی گئی ہے ۔ زلزلے کا مرکز 72 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔
دوسری جانب افغانستان میں 6.3 شدت کے زلزلے میں 2 ہزار سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 9 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہفتہ کی صبح 11 بجے افغانستان میں 6.3 شدت کا زلزلہ آیا، جس کا مرکز ہرات سے 40 کلو میٹر شمال مغرب میں تھا اور اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی، زلزلے کے بعد 4.6 اور 6.3 شدت کے آفٹر شاکس بھی آئے۔
رپورٹ کے مطابق زلزلے کے باعث مٹی کے تودے اور عمارتیں گرنے سے اموات ہوئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مٹی کے ملبے کے نیچے لوگوں کے پھنسنے کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔