الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 2 اور پنجاب اسمبلی کے ایک حلقے میں مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدواروں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق این اے154لودھراں سےعبدالرحمان کانجو، این اے 81گوجرانوالہ سے اظہر قیوم ناہرا اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 133 سے ممبر پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد کی رکنیت بحال کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے حکم پر این اے 154 میں ووٹوں کی دوبار ہ گنتی کی گئی تھی ، دوبارہ گنتی پر عبدالرحمن کانجو کامیاب قرار پائے ہیں، الیکشن کمیشن نے 16 فروری کا آزاد امیدوار رانا فراز نون کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لےلیا تھا۔
این اے 81سے آزاد امیدوار بلال اعجاز 7791 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوئے تھے،بلال اعجاز پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار تھے جن کی کامیابی کے بعد (ن) لیگ کے اظہر قیوم ناہرا نے نتائج کو چیلنج کیا تھا۔
آر او کے مطابق الیکشن کمیشن نے 75 پولنگ سٹیشنوں کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا حکم دیا تھا،جس سے ن لیگ کے امیدوار اظہر قیوم نے ایک لاکھ 10 ہزار 57 ووٹ حاصل کیئے اور کامیاب قرار پائے جبکہ مخالف آزاد امیدوار بلال اعجاز نے ایک لاکھ 6 ہزار 860 ووٹ حاصل کئے تھے۔