بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان نے پارٹی کو تحریک چلانے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم انتظار کر رہی ہے اور لاوا پک چکا ہے ، صرف ایک تیلی سب تباہ کر دے گی ۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہ مانا گیا یا چیف جسٹس کو توسیع دینے کی کوشش ہوئی تو احتجاج کریں گے۔
گفتگو کے دوران بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے حالات بنگلہ دیش سے زیادہ برے ہیں، اب لوگ جیلوں میں جانے اور جان دینے کو بھی تیار ہیں، پاکستانی معیشت کو تباہ کیا گیا اور اب سپریم کورٹ پر حملے کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے نو مئی کے نام پر ہماری پارٹی کیخلاف کریک ڈاؤن ہوا لیکن آٹھ فروری کو ان کا سارا پلان ناکام ہو گیا ۔
انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں لوگ نکلے تو فوج نے گولی چلانے سے انکار کردیا، اب انہیں خدشہ ہے کہ حلقے کھلیں گے تو چوری عیاں ہوجائے گی، اسی لئے حکومت ٹریبونلز میں اپنے ججز کو بٹھانا چاہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا گیا تو اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے لگا ہوں، نو مئی کو انہوں نے خودآگ لگائی،اداروں نے فوٹیج چھپا رکھی ہے، جب آپ کو امپائر پر ہی شک ہو تو انصاف کس سے مانگیں؟۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیلنج کرتا ہوں نوازشریف کسی چھوٹے سے گراؤنڈ میں بھی جلسہ کر کے دکھائیں ۔