وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، اقلیتی برادری قیام پاکستان سے لے کراب تک تعمیر وطن میں بھرپور حصہ ڈال رہی ہے۔
اقلیتوں کے قومی دن پر پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں بسنےوالی تمام اقلیتوں کیلئےنیک خواہشات کا اظہارکرتا ہوں، ملکی ترقی و خوشحالی میں اقلیتوں کےشاندار کردار پرخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم نے11 اگست 1947 کو اقلیتوں کیلئے مکمل مذہبی آزادی کا اعلان کیا تھا، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی و خوشحالی کے لیے پر عزم ہیں۔
خیال رہے کہ گیارہ اگست کو پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی میں بابائے قوم قاقئد اعظم محمد علی جناح کے خطاب کے تناظر میں اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے۔
اقلیتوں کے قومی دن پر پاک فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور تینوں سروسز چیفس نے مبارکباد دی۔ اپنے مشترکہ پیغام میں کہا اقلیتوں کے حقوق اور آزادیاں مقدس ہیں جو آئین اوراسلام کے مطابق ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آج کا دن تنوع، شمولیت اور بقائے باہمی ہماری عظیم قوم کا خاصا ہے، اقلیتی برادریاں ہمارے سماج کا ناگزیراور اہم ترین حصہ ہیں، قوم کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتی برادری کا حصہ ناقابل فراموش ہے۔ اقلیتی برادریوں کی قربانیوں اور خدمات کی قدرکرتے ہیں، اور پاکستان کی مسلح افواج اقلیتی برادریوں کے غیرمتزلزل عزم، لگن اورقربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔