ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق اور آزادیاں مقدس ہیں جو آئین اوراسلام کے مطابق ہیں۔
اقلیتوں کے قومی دن پر پاک فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور تینوں سروسز چیفس نے مبارکباد دی۔ اپنے مشترکہ پیغام میں کہا اقلیتوں کے حقوق اور آزادیاں مقدس ہیں جو آئین اوراسلام کے مطابق ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آج کا دن تنوع، شمولیت اور بقائے باہمی ہماری عظیم قوم کا خاصا ہے، اقلیتی برادریاں ہمارے سماج کا ناگزیراور اہم ترین حصہ ہیں، اقلیتی برادریوں کی قربانیوں اور خدمات کی قدر کرتے ہیں۔ پاکستان کی مسلح افواج اقلیتی برادریوں کےغیرمتزلزل عزم، لگن اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق قوم کی ترقی اور خوشحالی میں اقلیتی برادری کا حصہ ناقابل فراموش ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں آج اقلیتوں کے حقوق کا دن منایا جا رہا ہے، یہ دن قائد اعظم کی 11 اگست 1947 کی تاریخ ساز تقریر کی یاد اور ان کے افکار کی روشنی میں منایا جاتا ہے۔ پاکستان اقلیتوں کے حوالے سے ایسا ملک ہے جہاں پر مسلمانوں کے ساتھ رہنے والی تمام اقلیتوں کو آئین کے تحت برابری کے حقوق حاصل ہیں۔
پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کا بھی کلیدی کردار رہا ہے جس میں مرد و خواتین نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج میں بھی اقلیتی برادری کی بڑی تعداد وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ انجام دے رہی ہیں۔