پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ کامیابی کے پیچھے میری اور میرے کوچ کی بڑی محنت ہے، وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ان کے ہاتھ کا لگایا گیا پودا ہوں۔
پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں۔
قومی ہیرو ارشد ندیم کا طیارہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر لینڈ ہوا تو اسے واٹر کینن سلیوٹ پیش کیا گیا۔
اس سے قبل ارشد ندیم کو پاکستان لانے والا طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا تو ٹریفک کنٹرول نے طیارے کو خوش آمدید کہا۔
وفاقی وزیراحسن اقبال،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور شزا فاطمہ نے قومی ہیرو کو پھولوں کے ہار پہنا کر حکومت کی جانب سے انکا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔
ائیرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ہیرو ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اس کامیابی کے پیچھے بہت لمبا سفر ہے، پاکستان بورڈ اور کوچ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کامیابی کے پیچھے میری اور میرے کوچ کی بڑی محنت ہے۔
ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہبازشریف کے یوتھ پروگرام کا پودا ہوں۔
گولڈ میڈلسٹ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور والدین کی دعاؤں سے اللہ نے عزت دی اور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، اس سے قبل ڈائمنڈ لیگ میں بہت اچھا پرفارم کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اولمپکس کیلئے کوچ نے بہت محنت کرائی، والدین اور پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں۔